کاروار20؍نومبر (ایس او نیوز)ضلع شمالی کینرا کے شہر کمٹہ سے ملنے والی خبروں کے مطابق گزشتہ سال دسمبر میں ہوناور کے شیٹی تالاب میں دستیاب ہونے والی پریش میستا کی لاش کا معاملہ حل کرنے کے لئے سی بی آئی نے اپنی تحقیقات آگے بڑھائی ہے اور تحقیقاتی افسران کی ایک ٹیم گزشتہ ایک ہفتے سے کمٹہ میں ڈیرا ڈلے ہوئے ہے۔
خیال رہے کہ فرقہ وارانہ تناؤ کے دوران مشکوک حالت میں واقع ہونے والی پریش میستا کی موت سے ضلع بھر میں حالات کشیدہ ہونے کے ساتھ ساتھ کمٹہ اور سرسی میں پرتشدد احتجاج کے واقعات بھی پیش آئے تھے۔پریش کے والدین نے اسے منصوبہ بند قتل قراردیا تھااور سنگھ پریوار نے اسے فرقہ وارانہ رنگ دیتے ہوئے مسلم دہشت گردی سے جوڑنے کی بھرپور کوشش کی تھی۔ اس وقت سدارامیا کی قیادت والی ریاستی حکومت نے اس معاملے کی تحقیقات سی بی آئی کے حوالے کردی تھی۔
معلوم ہواہے کہ اس سے قبل دو تین بار ابتدائی جانچ کے لئے کمٹہ اور ہوناور کا دورہ کرنے والی تحقیقاتی ٹیم اس وقت پوری طرح اس معاملے کو آگے بڑھانے میں مصروف ہے۔ سی بی آئی کے انسپکٹرسبرمینا اور ان کی ٹیم کے افسران کمٹہ پی ڈبلیو ڈی کے انسپکشن بنگلو میں مقیم ہیں اور انہوں نے کئی لوگوں سے پوچھتاچھ کی ہے۔ پتہ یہ بھی چلا ہے کہ تحقیقاتی افسران کچھ تنظیموں،اداروں کے ذمہ داران ،سیاسی پارٹیوں کے لیڈران اور ان سے متعلقہ افراد کے علاوہ صحافیوں کو بھی طلب کرکے ان کے بیانات درج کررہے ہیں۔ہوناور میں پریش میستا کے اہل خانہ سے بھی ملاقات اور تفتیش کی بات بھی معلوم ہوئی ہے۔
خیال رہے کہ اس سلسلے میں سی بی آئی کی ٹیم اس سے قبل تین مرتبہ پریش میستا کے گھر پہنچ کر تفتیش کی تھی اور اسی مہینے کی شروعات میں پریش کے والد کو چینئی میں طلب کیے جانے کی بات بھی سننے میں آئی تھی۔